spiritual revelations

اسم الٰہی زَکِیُّ اور شرف مشتری ۲۰۲۵

زکی شرف مشتری ۲۰۲۵

چودہ اگست ۲۰۲۵ فجر کی نماز کے بعد یہ عمل مکمل کر لیجیے گا۔

اسم الٰہی زکیُ سے مراد ایک ایسی ہستی جو ہر قسم کی آلودگی اور گندگی سے پاک ہو۔ کردار و اخلاق کے اعلیٰ ترین لیول پر فائز ہو، ظاہری و باطنی پاکیزگی اکمل درجہ ہو اور ہر لحاظ سے ترقی و بہتری کی جانب مائل بہ پرواز ہو۔ اسم الٰہی زکیُ کا ایک مطلب پاک کرنے والا ، پاکیزہ کرنے والا ہے۔ ہم لوگ اکثر الفاظ کے ظاہری معنوں پر اکتفا کر لیتے ہیں جبکہ اصل معنی بہت گہرے ہوتے ہیں۔ اب پاک کرنے سے ایک ظاہری مراد تو یہ ہے کہ جسم کو پاک کرنا جیسے ہم نہا کر یا وضو کر کے اپنے آپکو کرتے ہیں۔ لیکن کیا پاکی کا مفہوم بس یہیں تک ہے؟ نہیں اور یقیناً نہیں۔ پاکی ہمیں ہمارے اعمال میں بھی ملتی ہے یعنی ایسے اعمال جنکے نتائج ہمیشہ پاک برآمد ہوں۔ یا اگر ہمارے کسی عمل میں ہم سے غلطی بھی ہو جائے تو کوئی ناپاک نتیجہ برآمد نہ ہو اور ہم پاکی کے ساتھ محفوظ رہیں۔ ہمارے روزمرہ کے تعلقات میں بھی ہمیں پاکی نصیب ہوتی ہے یعنی ناپاک لوگوں اور اُنکے ناپاک عزائم سے ہمیں محفوظ رکھا جاتا ہے۔ جادو و جنات جیسے روحانی ناپاک امراض میں بھی پاکی سے تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ مختلف جسمانی امراض بھی ناپاکی کے زمرے میں آتے ہیں جن سے پاکی نصیب ہوتی ہے۔ سو انسانی زندگی میں سینکڑوں حالات و اطوار سے جو بھی ناپاک نتائج برآمد ہو کر کسی بھی انسان کی زندگی کو تہس نہس کر سکیں، اسم الٰہی زکیُ کی روحانیت اُس ناپاکی کو ختم کر کے یا کم کر کے انسانی زندگی کو آسان و پاک کر سکتی ہے اور راحت کے اسباب پیدا کر سکتی ہے۔ کوئی بھی دنیاوی جگہ مثلاً جیل اور وہاں کے رہائشی، اور کوئی بھی آخروی مقام مثلاً جہنم اور وہاں کے رہائشی، ناپاک جگہیں و لوگ ہیں (یہ صرف سمجھانے کے لیے ایک ایک مثال دی ہے)۔ سو دنیا و آخرت میں ناپاک جگہوں اور ناپاک لوگوں سے بچنے کے لیے اسم الٰہی زکیُ کی روحانیت اکثیر کا درجہ رکھتی ہے۔ اسم الٰہی زکیُ آپکو پاک کر کے آپکو ترقی و بہتری کی طرف لیجاتا ہے، اب چاہے یہ ترقی دنیاوی ہو، آخروی ہو یا دونوں۔ زکیُ خود بھی پاک ہے اور زکیُ کے ذاکر کو بھی اپنے تمام افعال میں پاکی فراہم کرتا ہے جسکے نتیجے میں ذاکر کی زندگی میں امن، سکون، ترقی، صحت، مقبولیت، تسخیر سب کچھ حاصل ہوتا ہے۔ ہر طرح کی برائی و ناپاکی سے نفرت و تحفظ کے حصول کا ذریعہ ہے اسم الٰہی زَکِیُّ۔

عملیاتی کتب و اساتذہ زکیُ کا تعلق ہفتے کے دن سے بتاتے ہیں جو کہ درست بھی ہے۔ زکیُ، سیارہ زحل کی جمیع منسوبات پر حکمرانی کرتا ہے اور زحل کی تاثیرات کو حاصل کرنے اور زحل کی برائی و نحوست کو دفع کرنے کے لیے بہترین ہے۔ جو لوگ سیارہ زحل کی کسی بھی قسم کی نحوست کا شکار ہوں خصوصا ساڑھ ستی کے، وہ اسم الٰہی زکیُ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنے آپکو نحوست سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ زکیُ کی حیثیت بس سیارہ زحل تک ہی محدود ہے اور بس ہفتے کے دن ہی اسکو پڑھ سکتے ہیں یا پھر زکیُ کی روحانیت بس ہفتے تک ہی محدود ہے۔ زکیُ کو ہفتے کے دن سے نسبت دینے کی وجوہات مخصوص عملیاتی وجوہات ہیں۔ کہ اگر ملک میمون رحمتہ اللہ سے رابطہ کرنا ہو تو ہفتے کے دن اسم الہی زُکیُ کی مدد سے کیا جائے۔ عملیاتی طریقہ کار کے مطابق ہفتے کا ہر دن ایک مخصوص روحانیت سے جڑا ہوا ہے جسمیں کہ ہفتے کے دن کی روحانیت اسم الٰہی زکیُ کے ماتحت ہے۔ اسکا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اس برگزیدہ اسم الہی کا ورد باقی دنوں میں نہیں کیا جا سکتا یا ہفتے کے دن کے علاوہ اسم الٰہی زکیُ کی کوئی حیثیت نہیں معاذ الله۔ بزرگ و گزشتہ عاملین اس حقیقت سے پوری طرح باخبر تھے لیکن آنے والی پود، ہم جیسے لوگ، تربیت و نالج کی کمی کی وجہ سے یہ اعتراض کر بیٹھے کہ دیکھیں جی کتنی بڑی بدعت و گمراہی ہے کہ اسم الٰہی کو ہفتے سے منسوب کر دیا کہ بس اُسی دن پڑھیں، اسم الٰہی کو جنات کو خوش کرنے کے لیے پڑھتے ہیں، سیارہ زحل کی مدد سے اسم الٰہی کے اعمال کرتے ہیں اور مزید بکواسیات وغیرہ۔ جبکہ درحقیقت اگر کسی نے یہ لکھا کہ ہفتے کا حاکم اسم الٰہی زکیُ ہے تو اسکا یہ مطلب قطعا نہ تھا کہ زکیُ کی حاکمیت بس ہفتے تک ہی محدود ہے۔ درحقیقت اگر زکیُ پڑھنے سے ملک میمون حاضر ہوتے ہیں یا تسخیر ہوتے ہیں تو اسکا یہ مطلب نہیں کہ زکیُ جنات کو خوش کرنے یا اُنکی تسخیر کے لیے پڑھا جا رہا ہے بلکہ ملک میمون رحمتہ الله اور اُنکا جناتی قبیلہ چونکہ خود زکیُ کا ذاکر ہے تو کسی بھی زکیُ کے ذاکر کی طرف مائل ہوتے ہیں، اُسکے ذکر سے خوش ہوتے ہیں اور اُس ذاکر کی روحانی قابلیت و استعداد کے مطابق جلوے دکھاتے ہیں۔ ہندو و دیگر قومیں سیارہ زحل کی پوجا کرتے تھے اور ہیں۔ ہم سیارہ زحل کے اثرات کو حقیقت سمجھتے ہوئے اُنکے خلاف ڈھال کے طور پر اسم الٰہی زکیُ، کو استعمال کرتے ہیں اور اسمیں کچھ بھی مانع نہیں۔ آپ کسی بھی اسم الٰہی کو کبھی بھی پڑھ سکتے ہیں۔ اسمائے الٰہی ہمارے لیے رب القھار کا ایک تحفہ ہیں اور ہم ان تحائف کا استعمال کسی بھی پاک طریقے سے کر سکتے ہیں اور کسی بھی چیز سے محفوظ رہنے کے لیے اور کسی بھی چیز کو حاصل کرنے کے لیے عمل میں لا سکتے ہیں۔

امام بونی رحمتہ اللہ فرماتے ہیں کہ حرف زا کا مربع نقش اگر جمعرات کے دن ساعت مشتری میں لکھ کر گردن میں لٹکائے تو خلقت میں محبت و قبولیت حاصل ہوتی ہے۔ یہ ایک قسم کی تسخیر ہے اور اس تسخیر سے بیتحاشہ مطلب پورے ہوتے ہیں۔ اب چونکہ اس مہینے شرف مشتری کے ایام آئیں گے تو میں نے سوچا کہ حرف زا اور زا سے وابستہ اسم الٰہی زکیُ کی روحانیت سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ویسے بھی مارکیٹ میں سیارہ مشتری کے ایک ہی طرح کے اعمال برسوں سے رائج ہیں کیونکہ وہ کتابوں میں لکھے ہیں اور بس ہماری سوچ و ٹیلنٹ وہیں تک محدود ہے۔ آج تک کسی نے بھی شرف مشتری کے وقت حرف زا کا عمل نہیں لکھا۔ بس کچھ سو سال پہلے امام بونی نے لکھا، لیکن انھوں نے نقش نہ دیا اور اجتک کسی کو توفیق نہ ہوئی۔ جو عمل توفیق رب القھار سے میں نے بنایا ہے یہ مقبولیت کے ساتھ ساتھ پاکیزہ رزق، مال و دولت کے لیے بھی ہے۔ شرف مشتری کا سعد وقت اس عمل کی مال لانے کی طاقت و اہلیت کو مکمل سپورٹ کرے گا۔ اسکے علاوہ جن والدین کو اپنی اولاد کی بہت فکر رہتی ہے، چاہے اولاد برے کاموں میں ملوث ہو نہ ہو، کسی مصیبت میں ہو نہ ہو، یہ عمل آپکے ساتھ ساتھ آپکی اولاد کی رکھوالی بھی کرے گا۔ جن کی ابھی اولاد نہیں، اُنکی آنے والی اولاد کو اس سے بہت فائدہ ہو گا۔

اسم الٰہی زکیُ واحد اسم الٰہی ہے جو حرف ز سے شروع ہوتا ہے۔ حرف ز کی جمیع روحانیت بھی اس اسم الٰہی کے زیر اثر ہے۔ آپ سے میں نے کچھ دن پہلے ایک زکیُ کا عمل کروایا تھا۔ وہ درحقیقت ایک زکوٰۃ تھی جو اب آپکے بہت کام ائے گی جب آپ شرف مشتری میں حرف زا کا نقش لکھیں گے۔ (نقش کا طلسم اور شمع کا طلسم ایک ہی ہیں)۔

سب سے پہلے مقررہ وقت سے پہلے ہی ایک شمع تصویر کے مطابق تیار کر لی جائے اور اُسپر ۱۳۱ مرتبہ اللّٰهُ دَیَّانُ پڑھ کر دم کر دیا جائے۔ وقت مقررہ پر شمع روشن کر کے نقش لکھا جائے۔ وقت مقررہ پر دو رکعت نماز پڑھ کر حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ہدیہ کی جائے۔ اُسکے بعد نقش لکھا جائے۔

یہ نقش آبی چال سے لکھا جائے گا۔ حرف ز بھی ایک آبی حرف ہے۔ نقش پیلے چارٹ پیپر پر زعفرانی سیاہی یا لال فوڈ کلر سے لکھا جائے گا۔ لکھنے کا طریقہ یہ ہے پہلے بسم اللہ الرحمن الرحیم لکھیں۔ پھر نیچے کچھ جگہ چھوڑ کر نقش کے خانے بنا لیے جائیں۔ اب نقش کے اوپر اور بسم اللہ کے نیچے زکی لکھیے۔ پھر رفتار کے حساب سے سب خانے پرُ کیجیے۔ مثلاً خانہ نمبر ایک میں أ لکھیے، خانہ نمبر دو میں ب لکھیے خانہ نمبر تین میں ج لکھیں اور اسی طرح آگے۔ ( یاد رکھیے گا کہ آپ نے خانوں کے نمبر نہیں لکھنے، صرف خانہ نمبر کو فالو کرتے ہوئے ہر خانے میں حروف ہی لکھنے ہیں)۔ جب سب خانے پُر ہو جائیں تو پہلے نقش کے اوپر اور بسم اللہ کے نیچے، زکی کے ارد گرد سات مرتبہ حرف ز لکھیے۔ (میں نے پہلا ز بلیو سے لکھا ہے)۔ پھر سات مرتبہ حرف ز دائیں طرف لکھیے۔ پھر سات مرتبہ حرف ز نیچے لکھیے اور پھر سات مرتبہ حرف ز بائیں طرف لکھ دیجیے۔ اب ۱۵۲ مرتبہ یَا زَکِیُّ پڑھ کر اپنے نقش پر دم کر دیجیے۔ اب اپنے چارٹ پیپر کو پلٹیے اور بیک سائیڈ پر یہ طلسم لکھ دیجیے۔ طلسم تصویر میں دیا گیا ہے۔ پہلے تیرہ سے طلسم شروع کر کے لکھیے اور پھر اسکے نیچے ایک لکیر کھینچ دیجیے۔ پھر أ ی سے حروف شروع کر کے لکھ دیجیے۔  اب أ ی کے نیچے سے عزیمت لکھنا شروع کیجیے اللھم سے اور سیدھی گھڑی کی سمت میں پوری عزیمت لکھ دیجیے۔ اینڈ پر طلسم سواقط فاتحہ بنا دیجیے۔ اب اللہُ دَیَّانُ ۱۳۱ مرتبہ پڑھ کر اپنے طلسم پر دم کر دیجیے۔  بس اب اپنے نقش کو پلاسٹک کور میں لپیٹ لیجیے۔ موڑنے کی ضرورت نہیں۔ اگلے دن یعنی جمعہ سے کوئی سا بھی وقت مقرر کر کے روزانہ ۱۲۷۰ مرتبہ یا زکیُ پڑھ کر اپنے نقش پر دم کر لیں۔ اسکے بعد سات مرتبہ دعا پڑھ کر اپنے نقش پر دم کر لیں۔ اور ۱۳۱ مرتبہ اللہُ دیانُ پڑھ کر اپنے طلسم کے اوپر دم کر لیں۔ یہ عمل دس دن جاری رکھیں۔ نفل روزانہ پڑھے جائیں گے۔ دس دن کے بعد اس نقش کو پلاسٹک کور میں لپیٹ کر یا تو گھر کی کسی دیوار پر ٹانگ دیا جائے یا فریم کروا کر اپنے سرہانے رکھ لیا جائے۔ اگر کوئی گلے میں ڈالنا چاہے تو وہ ایک، صرف طلسم، الگ سے لکھ کر اُسکو گلے میں ڈال سکتا ہے۔

دعا یہ ہے:  اَللّٰھُمَّ ارّزُقࣿنِیࣿ رِزࣿقًا زَکِیًّا وَ مَالًا وَافِرً وَ صَرِّفࣿ عَنِّیࣿ وَ عَنࣿ اَوࣿلَادِیࣿ کُلَّ رِجࣿسً وَاَنࣿتَ خَیࣿرُ مَنࣿ زَکّٰھَا وَاَنࣿتَ وَلِیُّھَا وَ مَوࣿلَاھَا۔

اے اللہ مجھے پاکیزہ رزق عطا فرما اور کثرت سے مال عطا فرما اور مجھے اور میری اولاد کو ہر قسم کی نجاست سے بچا کیونکہ تو ہی اسکا بہترین پاک کرنے والا ہے اور تو ہی اسکا محافظ و مالک ہے۔

اس عمل کو کرنے کا ایک اور طریقہ بھی ہے۔ پہلا طریقہ یہ تھا کہ آپ نقش بھی لکھیں اور طلسم بھی۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ صرف چار طلسم لکھیں دعا کے ساتھ۔ ہر طلسم پر ۱۳۱ مرتبہ الله دیان پڑھ کر دم کریں۔ ایک طلسم اپنے گلے میں ڈال لیں۔ ایک طلسم پر ٹیپ اچھی طرح چڑھا کر اُسکو اپنے گھر میں کسی گملے میں دفنا دیں اور ریگولر اسکو پانی دیا کریں۔ ایک طلسم کو گھر میں کسی جگہ لٹکا دیں (کبھی کبھار مجبوریوں کی وجہ سے آپ سب کے سامنے دیوار پر طلسم نہیں لٹکا سکتے تو اُسکا طریقہ یہ ہے کہ اپنے کپڑوں کی الماری میں اپنے کپڑوں کے پیچھے ایک کیل گاڑیے الماری کے اندر اور وہاں لٹکا دیجیے، اس طرح وہ طلسم کپڑوں کے پیچھے چھپ جائے گا)۔ ایک طلسم اپنے موبائل کے بیک کور میں رکھ لیں کہ جب جب موبائل گرم ہو گا تو طلسم کو بھی گرمی پہنچتی رہے گی۔ لیکن چار ہی طلسم لکھنے کی پابندی نہیں۔  جو بندہ جتنے کام کر سکے بس اُتنے ہی طلسم لکھ لے۔ لیکن گملے میں دفنانے والا لازمی لکھے۔ مثلاً اگر کوئی صرف گلے میں ڈالنا چاہے تو گلے والا لکھے اور ساتھ گملے میں دفنانے والا بھی لکھے۔ یاد رکھیے گا کہ گملے والا طلسم کو اچھی طرح اوپر سے ٹیپ کریں اور پھر دفنا کر پانی دیا کیجیے۔ اس مقصد کے لیے کوئی چھوٹا گملا اپنے کمرے میں بھی رکھ سکتے ہیں۔  (اب اور کتنی آسانی کوئی پیدا کرے۔ مجھے تو آپ لوگوں نے بغیر تنخواہ کے نوکری پر ہی رکھ لیا ہے۔ )

خالی طلسم لکھیں یا نقش و طلسم دونوں لکھیں، پڑھائی کا طریقہ کار ایک ہی رہے گا۔ پہلے دن اور آخری دن کسی میٹھی چیز پر موکلات کا ختم ضرور دلائیں۔ جب میں نے یہ شمع روشن کی تو سفید پروں والے سفید گھوڑوں پر سوار سفید لباس میں یہ پانچ موکلات حاضر ہوئے۔ عبدالرحمن، عبدالحنان, عبدالمنان عبدالديان, اور عبد الحيان. آپ جب بھی ختم دلائیں تو دعا اس طرح سے کریں کہ اے الله میں اس پڑھائی اور ختم کا ثواب اس نقش و طلسم و شمع کے تمام موکلات کو ہدیہ کرتا ہوں اور اے اللہ میری اس پڑھائی کی برکت و وسیلے سے ان پانچ ہستیوں عبدالرحمن، عبدالحنان, عبدالمنان عبدالديان, اور عبد الحيان کے درجات کو بلند فرما اور انکی قوت و طاقت و ہیبت میں اضافہ فرما اور انکو مجھ سے اور مجھے ان سے مانوس فرما۔ اللھم آمین۔ ملک میمون رحمتہ اللہ بھی جب اچھے موڈ میں ہوتے ہیں تو سفید لباس میں ہی آتے ہیں ورنہ اُنکی اصل پہچان تو اُنکا جنگی لباس اور لال آنکھیں ہیں جس سے جب وہ کسی کی طرف دیکھتے ہیں تو بندہ سوچتا ہے کہ اللہ میاں بس آج بچا لے پھر کبھی پنگا نہیں لونگا۔

ویسے تو یہ عمل شرف مشتری کے لیے بنایا گیا ہے لیکن ہر جمعرات کو فجر کی نماز کے بعد بنا سکتے ہیں اور کسی بھی قمر و مشتری کی تثلیث و تسدیس میں بھی بنا سکتے ہیں۔ چونکہ سیارہ زحل کی منسوبات پر حکمرانی کی وجہ سے یہ اسم الہی زکیُ زحل کی نحوست بھی احسن طریقے سے دور کرتا ہے، اسلیے اسکی ایک قسط میں اور لکھونگا جسمیں اس اسم الہی کی وہ دعا شئیر کرونگا آپ سے جسکی بنیاد پر آپ کسی بھی نجومی کو رسوا کر سکیں گے۔ ویسے یہ بات درست نہیں رُسوا کرنے والی بلکہ چیلنج کا لفظ زیادہ درست ہے۔ کیونکہ نجومی اپنے علم کے حساب سے آپکو ٹھیک ہی بتا رہا ہوتا ہے لیکن آپکے پاس ایک ایسی قوت ہوتی ہے جو پیشنگوئی سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔

صدق الله العلی العظیم

والله اعلی و اعلم۔

IMG_9760.jpeg

att.jpeg

att_1.jpeg

Please follow and like us:
fb-share-icon

Leave a Comment