spiritual revelations

دعائے القھار اور بابا شمھورش رحمته اللہ

اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم

انه من سلیمن و انه بسم اللہ الرحمن الرحیم

بسم اللہ والسلام علی رسول اللہ و علی الملک شمھورش۔

جو لوگ قھار کا عمل اسوقت کر رہے ہیں، یہ مضمون خصوصاً اُنکے لیے اور عموماً سب کے لیے ہے۔ شمھورش کا نام آپ نے پہلی مرتبہ سُنا ہو گا لیکن عاملین، جنات کی اس قوت کے بارے اچھی طرح جانتے ہیں۔ آج سے کچھ سال پہلے فیس بُک پر ایک عامل صاحب نے کمال ہی بونگی ماری کہ شمھورش کی وفات ہو چُکی ہے اور اب شمھورش سے وابستہ عملیات بے اثر ہو چُکے ہیں۔ گو اس بونگی کے بارے میں جنات سے تبھی استفسار کر چُکا تھا کہ یہ غلط ہے اور اسپر لکھنا بھی چاہتا تھا لیکن لکھ نہیں سکا، اور آج بابا شمھورش کی اجازت سے کچھ باتیں اُنکے متعلق لکھ رہا ہوں۔

بابا شمھورش، جنات کے ایک بہت بڑے بادشاہ ہیں اور جمعرات کے دن پر حاکم ہیں۔ پچھلی جمعرات کو قھار کے عمل کے دوران ہمیں بابا شمھورش کی زیارت ہو گئی اور معلوم ہوا کہ قھار کے عمل میں جو دُعا پڑھی جا رہی ہے وہ بابا شمھورش کی حاضری میں خاص اثر رکھتی ہے کیونکہ اُسمیں ایک اسم الٰہی ایسا ہے جسکا بابا شمھورش سے خاص تعلق ہے۔ جہاں جہاں بھی یہ دعا پڑھی جائے گی، اُنکا روحانی تعلق بابا شمھورش کے ساتھ جڑے گا خصوصا اگر یہ دعا جمعرات کی رات کو پڑھی جائے اور یہ وہ رات ہو گی جو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ہو گی۔ حرف ق کا وہ کونسا اسم الٰہی ہے جسکا تعلق بابا شمھورش سے ہے، وہ میں فی الحال نہیں بتا سکتا۔

بابا شمھورش نے کچھ باتیں اپنے متعلق بتائیں جو آج میں آپکے لیے عرض کر رہا ہوں۔ جنات کے ایک بہت بڑے بادشاہ ہونے کی حیثیت سے یہ ایک بہت بڑے قاضی بھی ہیں اور مقدمات جن و انسان کا فیصلہ بھی کرتے ہیں۔ بابا شمھورش کے ہاتھ میں پانی کا نظام ہے۔ چونکہ شیطان کا بھی ایک بہت بڑا نظام پانی پر قائم ہے اسلیے بابا شمھورش اکثر شیطانی طاقتوں کے ساتھ حالت جنگ میں رہتے ہیں۔ یہ نہایت کم گو ہیں اور توحید کے ذکر کے عاشق ہیں۔ ایک بہت خاص بات جو بابا شمھورش نے ہمیں بتائی، وہ یہ تھی کہ محمد کریم کی بارگاہ میں سورہ اخلاص کا ہدیہ پیش کرنے کی ڈیوٹی بابا شمھورش کی ہے اور یہ کہ محمد کریم کی طرف سے بابا شمھورش کو دیا گیا نام عبداللہ ہے۔

بابا شمھورش کی نسبت سے ایک سورہ اخلاص کا عمل پیش خدمت ہے۔ ہر جمعرات کی رات جو کہ درحقیقت بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ہو گی، یا جمعرات کے دن پہلے یہ درود شریف تین مرتبہ پڑھا جائے۔

بِسمِ اللّٰهِ وَالسَّلَامُ عَلَی رَسُولِ اللّٰهِ وَعَلَی المَلِکِ شَمھُورَش

اب تین سو مرتبہ سورہ اخلاص پڑھ کر پھر تین مرتبہ مندرجہ بالا درود پڑھ لیجیے۔ اب ایک مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر دعا کے لیے ہاتھ اٹھائیے اور پھر تین مرتبہ مندرجہ بالا درود شریف پڑھیے اور ایسے دعا کیجیے۔

“اے اللہ ذُولجَلَالِ وَالاِکرَام یہ جو تین سو مرتبہ میں نے سورہ اخلاص پڑھی ہے یہ میں محمد کریم کو ہدیہ کرتا/کرتی ہوں، اسکو قبول و مقبول فرما اور اے اللہ سورہ اخلاص کی برکت و وسیلے سے میری فلاں حاجت پوری فرما”۔

اب دوبارہ تین مرتبہ مندرجہ بالا درود پڑھ کر تین مرتبہ اللھم آمین کہہ دیجیے گا۔

اب اس عمل میں بابا شمھورش رحمتہ اللہ خود بخود شامل ہو گئے کیونکہ آپکا سورہ اخلاص کا ہدیہ وہی لے کر محمد کریم کی خدمت میں حاضری دینگے۔ یہ ایک نہایت مبارک عمل ہے کئی وجوہات کی بنا پر ہے۔ ایک تو سورہ اخلاص کی فضیلت کی وجہ سے، دوسرا سورہ کا ہدیہ محمد کریم کو پیش کرنے کی وجہ سے اور تیسرا ایک نہایت بزرگ بادشاہ جن کی وجہ سے جو آپکے اور محمد کریم کے درمیان قاصد کا کام سر انجام دینگے۔

اب کوئی بندہ اگر تین سو مرتبہ سورہ اخلاص نہ پڑھ سکے تو بس ایک سو گیارہ مرتبہ پڑھ لے۔اور باقی عمل کی ترتیب بالکل ویسے ہی رکھے جیسے اوپر بیان ہوئی ہے۔ اگر کوئی عاشق توحید زیادہ پڑھنا چاہے تو ۱۰۰۲ مرتبہ سورہ اخلاص پڑھ لے۔ باقی عمل کی ترتیب ویسے ہی رکھے۔

یہ عمل ایک نہایت ہی آسان ایک روزہ قضائے حاجت کا عمل ہے۔ ہر جمعرات کو دھرا لیا جائے۔ عبادت کی عبادت ہو جائے گی اور کائنات کی اعلی مقتدر ہستیوں سے تعلق بھی قائم ہو جائے گا۔ یہاں ایک کم علمی کی وضاحت کرتا چلوں جو مجھے اکثر فیس بُک پر نظر آتی ہے۔ قدیم زمانوں سے عاملین کی یہ تحقیق ہے ہر ہفتے کے ایک دن پر ایک ملائکہ کی حکومت ہے، پھر اُس ملائکہ سے نیچے ایک بادشاہ جن ہوتا ہے اور اسی طرح آگے اور بھی قوتیں ہیں۔ حروف سواقط فاتحہ ف، ج، ش، ث، ظ، خ، ز کا تعلق بھی ایک ایک دن سے ہے اور پھر ان حروف سے وابستہ اسمائے الٰہی ہیں جنکا ورد کرنے ہر ہفتے کے دن کے ملائکہ اور جنات تسخیر ہوتے ہیں۔ جنمیں سے جمعرات کے دن کا تعلق ملائکہ میں سے صرفیائیل اور جنات میں سے بابا شمھورش سے ہے۔ اب بہت سارے نام نہاد عاملین یا تو ان ناموں کو لے کر عوام کو بیوقوف بناتے ہیں جبکہ انکی روحانیت و علم سے ان لوگوں کا دور دور تک کوئی واسطہ نہیں۔ یا پھر کچھ عاملین یا اسلام کے پیروکار ان بادشاہ موکلین و جنات کا مذاق اڑاتے نظر آتے ہیں۔ میں، یعنی اظہر حسین صادق ان دونوں کو تنبیح کرونگا کہ چولیات سے گریز کریں اور ان مبارک و افضل و اعلی موکلین و جنات کے ناموں کو نہ اپنی مشہوری کے لیے استعمال کریں اور نہ ہی انکا مذاق اڑائیں کسی بھی طرح سے۔ ایسے لوگ کائنات کی اُن اعلی و ارفع ہستیوں کی باتیں کرتے ہیں جنکے بارے وہ کچھ نہیں جانتے۔ یہ ہستیاں دوستوں کے لیے کتنی جانثار اور چولیاں مارنے والوں کے لیے کتنی خطرناک ہیں، یہ آپکے وہم و گمان میں نہیں۔ سو پھر تنبیح ہے کہ اوقات میں رہیں۔

قھار کا عمل بہت سے لوگوں کا چل رہا ہے مجھ سمیت، اور بہت سے لوگوں کا ختم ہو چکا ہے۔ قھار کی اور تمام اسمائے الٰہی کی دعا جو آپ لوگوں نے پڑھی ہے وہ میں اس پوسٹ میں بھی دے رہا ہوں۔ اس دعا میں ہر جن، جادوگر، انسان و شیطان سے حفاظت ہے۔ حاسدین کے حسد سے حفاظت ہے۔ نظر بد کا توڑ ہے۔ جو لوگ بھی کسی قسم کے شیطان سے پریشان ہیں، چاہے یہ شیطان انسان ہے یا جن، وہ اس دعا سے مدد لے سکتے ہیں۔ مخالفین جن و انس کے منہ پر یہ دعا ایک چپیڑ ہو گی بفضل قھار۔ قھار کے عمل میں آپ نے جو شمع روشن کی ہے

164590270869024

یہ شمع کبھی بھی روشن کر کے یہ دعا بس اٹھارہ مرتبہ شمع کے پاس پڑھ لی جائے۔ اٹھارہ دن عمل کر لیا جائے۔ رات کو سوتے وقت اس دعا کو ایک مرتبہ یا تین پڑھ کر اپنے اوپر دم کرنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ ہر نماز کے بعد ایک مرتبہ یا تین مرتبہ پڑھی جا سکتی ہے۔ بس قصہ مختصر ہو کہ آپکو دنیا میں کسی بھی مخالفت کا سامنا ہو تو اس دعا کو ورد میں لے آئیں تو دشمن کے خلاف آپکے ساتھ ایک روحانی مدد شامل ہو جائے گی۔ کسی کو نظر بد ہو، آپکو یا کسی بچے کو، تو پہلے تین مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں، پھر چھ مرتبہ پڑھ کر دم کریں اور پھر نو مرتبہ پڑھ کر دم کر دیں۔ اگر اتنا نہ پڑھا جا سکے تو بس تین مرتبہ پڑھ کر دم کر دیں۔ بابا شمھورش کے مطابق اگر اس دعا کو جمعرات کے دن فجر کی نماز کے بعد لکھ کر تانبے میں بند کروا کر اپنے پاس رکھ لیا جائے تو نہ صرف یہ دعا آپکی حفاظت کرے گی بلکہ یہ دعا آپکے اور بابا شمھورش کے درمیان ایک عہد کا کام کرے گی۔ آپ جب بھی اس دعا کو پڑھ کر روحانی توجہ بابا شمھورش کی طرف کرینگے تو اُنکی توجہ آپکو حاصل ہو گی۔ اس دعا کے اول و آخر وہی قھار والا درود شریف پڑھیے گا جو آپ پہلے پڑھتے ائیں ہیں اور اگر چاہیں تو اس پوسٹ والا درود شریف بھی پڑھ سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو دونوں کو ملا کر بھی پڑھ سکتے ہیں۔ یعنی ایسے،

اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَآلِهِ يَا قَهّارُ بِعَدَدِ مَا كَانَ وَمَا يَكُونُ۔ بِسمِ اللّٰهِ وَالسَّلَامُ عَلَی رَسُولِ اللّٰهِ وَعَلَی المَلِکِ شَمھُورَش۔

کوئی عطر آپکے پاس ہو تو اُس پر پہلے دعا تین مرتبہ پڑھ کر دم کریں۔ پھر چھ مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں اور پھر نو مرتبہ پڑھ کر دم کریں۔ اب یہ عطر نہایت عمدہ حفاظت کرے گا۔ گھر سے باہر جاتے ہوئے ضرور لگائیں۔ جن لوگوں کے جسموں پر سحر ہو اور جنات کا قبضہ یا حاضری ہوتی ہو تو زیتون کا تیل لے کر اُس پر پہلے دعا تین مرتبہ پڑھ کر دم کریں۔ پھر دعا چھ مرتبہ پڑھ کر دم کریں پھر دعا نو مرتبہ پڑھ کر دم کر دیں۔ ایسا تین دن کریں۔ اب یہ تیل جنات جادو کے امراض میں اینٹی باوئٹک کا کام کرے گا۔ جسم پر بھی مالش ہو سکتی ہے اور رات سوتے وقت ایک دو قطرے ناف میں ڈال کر ہلکی سی ناف پر مالش کر لی جائے۔ چھوٹے بچوں کے لیے بھی ایسے ناف میں تیل ڈالنا نہایت عمدہ ہے۔ کسی بھی جسمانی درد میں بھی اس تیل کی مالش عمدہ اثر دکھائے گی۔ یہ تیل سر درد میں کام ائے گا۔ بالوں کی عمدہ نشو نما کرے گا۔ اگر گھر میں کبھی حرمل کی یا کسی بھی چیز کی دھونی دینی ہو تو تین چھ نو کے طریقے کار کے مطابق دعا دم کر کے تین دن دھونی دیں۔

ایک اور راز سے اب پردہ اٹھانے کو دل کر رہا ہے۔ اس درود کو ہر جمعرات کو اگر تین سو چھ یا ایک سو گیارہ مرتبہ پڑھ لیا جائے تو آپکی ایک خاص نسبت بابا شمھورش کے ساتھ قائم ہو جائے گی۔ اُسکے بعد جمرات کے دن سے منسلک کسی بھی عمل میں آپکو کبھی ناکامی نہ ہو گی۔ اب جمعرات کے عملیات کون کون سے ہیں اسکے لیے کوئی کتاب پڑھیے اور مجھے پریشان نہ کیجیے گا۔ اس درود سے بابا شمھورش کی زیارت بھی حاصل ہوتی ہے لیکن وہ طریقہ میں آپکو کبھی نہیں بتاونگا۔ جو اہل ہو گا اُسکو خود بخود پتہ چل جائے گا۔

جن جن لوگوں نے بھی قھار کا اٹھارہ روزہ عمل کیا ہے چاہے پہلی سٹیج کے مطابق کیا ہے چاہے دوسری یا تیسری کے مطابق، تو اب آپ لوگ اُس سٹیج کے اعداد کے بھی عامل ہیں۔ مثلاً پہلی سٹیج تھی،

  ۱۱۱،۲۲۲،۳۳۳

اب جن لوگوں نے ان اعداد کا ورد کیا تو اب آپ کوئی بھی عمل اگر اس تعداد کے مطابق پڑھیں گے تو آپکو عمل کے اثرات اور بہتر ملیں گے۔ مثلاً آپ سلام قولا من رب رحیم کو پڑھتے ہیں کسی حاجت کے لیے تو ایسے پڑھیں کہ پہلے آیت کو ۱۱۱ مرتبہ پڑھ کر دعا کر لیں۔ پھر آیت کو ۲۲۲ مرتبہ پڑھ کر دعا کر لیں اور پھر آیت کو ۳۳۳ مرتبہ پڑھ کر دعا کر لیں۔ اگر کوئی اسم الٰہی پڑھنا ہو تو ایسے ہی ۱۱۱، ۲۲۲،۳۳۳ کی تعداد میں ورد کریں۔ اسی طرح دوسری سٹیج اور تیسری سٹیج کے اعداد کو سمجھیے۔ کسی بھی سورہ مبارکہ، آیت مبارکہ، اسم الٰہی کو ورد میں لانا ہو تو ان اعداد کے مطابق ورد میں لے آئیے۔

میں آپ سے معذرت خواہ ہوں کہ سورہ شمس، مزمل کی زکوٰۃ کے بعد ان سے کام لینے کے مختلف طرائق ابھی تک نہیں لکھ سکا۔ وہ جلد پیش کر دونگا۔ اس وقت وطن عزیز کی حالت سموگ نے بہت خراب کر رکھی ہے۔  ایک بارش کا عمل شئیر کرنے والا ہوں۔ ہر بندہ اپنے اپنے علاقے میں یہ عمل تین دن یا پانچ دن کر لے۔ بارش ہو جائے گی تو بہت سے صحت کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ویسے بھی ہمارے اعمال اور ہمارے حکمرانوں کی وجہ سے اب یہ پاک سرزمین ناپاک ہونی شروع ہو گئی ہے۔ پاک بارش سے ایک اچھا اثر پڑنے کی توقع ہے۔

والله اعلی و اعلم۔

Please follow and like us:
fb-share-icon

Leave a Comment