سواقط فاتحہ چوتھی قسط
اعوذ بالله من الشیطن الرجیم
بسم الله الرحمن الرحیم
حروف سواقط فاتحہ، ف،ج،ش،ث،ظ،خ،ز، کی چوتھی قسط میں آج ایک عزیمت پیش خدمت ہے جو حروف سواقط فاتحہ اور انکی اشکال کے تمام عملیات میں استعمال کی جائے گی اور ان سے وابسطہ ہر طرح کے نقوش میں لکھی جائے گی۔ ورد کے عملیات میں آخر میں اس عزیمت کو تین یا سات مرتبہ پڑھ کر دعا مانگی جائے گی۔ نقوش میں ایک مرتبہ یہ عزیمت لکھی جائے گی اور پھر دعا میں دوبارہ تین یا سات مرتبہ ورد کی جائے گی۔
عاملین کرام نے ان حروف کو سات سیاروں سے منسلک کیا ہے جسکا ذکر میں نے پچھلی پوسٹ میں کیا تھا اور یہ عمل نحوست سیارگان کے زمرے میں بیان کیا تھا۔ لیکن یہاں وضاحت کر دوں کہ حروف سواقط فاتحہ کا بتایا ہوا عمل ہر طرح کی حاجات میں کام آتا ہے سو جو لوگ سیاروں کے اثرات میں یقین نہیں رکھتے اور نہ ہی انکی سعادت و نحوست کو مانتے ہیں، وہ بھی اس عمل سے اور ان حروف اور انکی اشکال سے یکساں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
پچھلی پوسٹ میں سیارگان سے وابستہ کچھ صدقات کا ذکر کیا تھا جو دوبارہ لکھ رہا ہوں۔
اتوار۔ شمس۔ گندم یا گڑ یا کوئی بھی سنہرا یا اورنج کپڑا
پیر۔ قمر۔ آٹا، چاول، چینی انڈے، دودھ، دھی یا کوئی بھی سفید کپڑا
منگل۔ مریخ۔ گوشت، سرخ مسور کی دال، چکندر یا کوئی بھی سرخ کپڑا
بدھ۔ عطارد۔ سبزیاںجن کا رنگ سبز ہو، سبز دال، سبز ٹافیاں حشرات الرض کے لیے یا بچوں کے لیے یا کوئی بھی سبز کپڑا
جمعرات۔مشتری۔ چنے کی دال، زرد حلوہ یا زردہ، شکر یا کوئی بھی زرد کپڑا
جمعہ۔ زہرہ۔ چاول، دودھ، دھی یا کوئی بھی سفید کپڑا
ہفتہ۔ زحل۔ کالے ماش، کالے تل یا کوئی بھی کالا کپڑا یا جوتا
اب صدقہ دینا کسطرح ہے۔ جس سیارے کی نحوست ہو اسکے دن یا اسکی ساعت میں اس سے متعلقہ چیز (افورڈ کردہ ) مقدار میں ہاتھ میں لے کر یہ نیت کریں۔ “میں یہ صدقہ ادا کر رہا/رہی ہوں برائے رَدِْ نحوست سیارہ فلاں اور دورئ آفات، بَلِیَّات، شر شیطانی، شر انسانی اور برائے حصول صحت و سلامتی۔” پھر تین مرتبہ ان آیات کی تلاوت کی جائے۔ اعوذ بالله من الشیطن الرجیم، بسم الله الرحمن الرحیم، مَاشَااَللّٰهُ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم اور آخری مرتبہ میں ان الفاظ کا اضافہ کیا جائے، لاحول ولا قوۃ الا باللهِ الْکَبِیْرِ الْمُتَعَال۔ یہ پڑھنے کے بعد اپنے اور صدقے کی چیز کے اوپر دم کر کے کسی غریب یا محتاج کو دے دیں یا چینی شکر کی صورت میں حشرات الارض کو ڈال دیں۔ فورا اثرات ظاہر ہونگے اور سکون محسوس ہو گا۔
جو لوگ سیارگان میں یقین نہیں رکھتے وہ “رد نحوست سیارہ فلاں” کے الفاظ کو حذف کر دیں اور باقی کا عمل کر لیں۔ یہ صدقہ پیسوں کا بھی ہو سکتا ہے۔ اب کچھ غلط فہمیوں کا ازالہ کر دوں اور اگر میرے اس ازالے سے کوئی بندہ متفق نہ ہو تو برائے مہربانی مجھ پر اپنا نظریہ اور فتوه تھوپنے کی کوشش نہ کرے۔
صدقہ یا زکات دینے کے لیے ڈھونڈورا پیٹنا ضروری نہیں ہوتا کہ یہ صدقہ یا زکات ہے۔ بغیر صدقے کا نام لیے بھی صدقہ ادا کیا جا سکتا ہے۔ ساری عمر گزر گئی ایسا ہی کرتے ہوئے اور اپنے سے منسلک دوستوں کو ایسے ہی کرواتے ہوئے۔ صدقہ اپنے گھر کے ملازمین سے شروع کریں یا اپنے غریب یا تنگ دست سفید پوش ہمسائے سے اور قطعاً اسکی عزت نفس مجروح کرنے کی ضرورت نہیں یہ کہہ کر کہ یہ صدقہ ہے۔ حدیہ اور تحفے کا لفظ استعمال کریں اگر ضرورت پڑے تو۔ صدقہ رنگ و نسل و مذہب سے بالاتر ہو کر دیں۔ اسکو صرف مسلمانوں تک محدود نہ کریں بلکہ غیر مسلموں کو بھی بلا جھجک دیں۔ کچھ لوگوں ہر جب مصیبت آتی ہے تو فورا کالے بکرے کی طرف دوڑ لگاتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے عرض ہے کہ اس جاہلیت سے پرہیز کریں۔ بلکہ اوپر دیے ہوئے چارٹ سے مختلف چیزوں کا انتخاب کریں اور ایک پیکج بنا کر کسی کے گھر کا راشن ڈلوا دیں۔ آٹھ نو ہزار کا بکرا آتا ہے جو ایک گھنٹے میں فارغ ہو جاتا ہے لیکن آٹھ نو ہزار کے راشن سے کسی غریب کا گھر ایک مہینے تک روٹی کھا سکتا ہے۔ سوچئے کچھ۔
جب بھی صدقہ دینا ہو، چاہے دس روپے ہی کیوں نہ ہو، اسی طریقے کے مطابق دیں۔ اگر کسی کی طرف سے صدقہ کرنا ہو تو نیت میں اسکا نام شامل کر لیں کہ میں صدقہ ادا کرتا/ کرتی ہوں فلاں بن فلاں کا برائے ۔۔۔۔۔
یہ طریقہ اپنے اندر حیرت انگیز اثرات رکھتا ہے۔ آزما کر دیکھیں۔
وَاللّٰه اعلی و اعلم

Please follow and like us: