spiritual revelations

قسط اول

اعوذ بالله من الشیطن الرجیم

بسم الله المذل القھار لکل عدو و شیطان

گرہن کو ہمیشہ سے ایک منحوس وقت سمجھا گیا ہے۔ خاص طور پر نجوم میں۔ البتہ میں اسکو نحس کے زمرے میں شامل نہیں کرتا بلکہ تاثیر کے حساب سے قوی مانتا ہوں۔ چونکہ عام طور پر لوگ گرہن میں صوامت کی زکوۃ دیتے ہیں اور بندش وغیرہ کے فضول عملیات کرتے ہیں اسلیے شائد گرہن کو منحوس مانتے ہیں۔ لیکن جب ہم دوسری قرآنی سورہ، آیات اور اسمائے الہی کی دوران گرہن زکوۃ دیتے ہیں تو کیا یہ عقیدہ رکھا جائے کہ منحوس وقت میں کلام الہی کی زکوۃ دے رہے ہیں؟ اور مزے دار بات ہے کہ گرہن ہزاروں سال سے منحوس ہی ہے اور اتنے ہی یا کچھ کم سالوں سے اسمیں کلام الہی کی زکوۃ کی روٹین بھی قائم و دائم ہے۔ کسی عقل کے سرفروش، سو کالڈ عاملین کاملین اور عوام الناس، کے ذہن میں کبھی یہ سوال نہیں آیا کہ منحوس وقت میں کیونکر کلام الہی یا حروف کی زکوۃ دی جا سکتی ہے؟ اسکو کہتے ہیں جہالت۔

بہرحال ایسے فضول عقیدہ سے بہتر ہے کہ یہ سوچ رکھ لی جائے کہ گرہن کے وقت ایک خاص قسم کی قوی تاثیر کا ظہور ہوتا ہے جو عام وقت کی نسبت زیادہ پرتاثیر یا طاقتور ہوتی ہے۔

لوگوں کو بندش کا بڑا شوق ہے صوامت کے ذریعے۔ سانپ اور بچھو کو مار دینے کا حکم ہے لیکن انکے رزق و معاملات پر الله عزوجل نے تو بندش نہیں لگائی اور یہاں انسان اتنا بڑا ہو گیا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بندش لگانے کو عین حلال سمجھتا ہے۔ بہرحال الله کا شکر ہے اس منحوس کام سے میں پاک ہوں۔ سو باقی لوگ جہاں ہمیشہ کی طرح صوامت کے عملیات کریں گے، میں آپ لوگوں کو سواقط فاتحہ کا ایک بادشاہ عمل کروانگا۔ سواقط فاتحہ خود بھی حکمران حروف ہیں اور انکے عملیات بھی حکمرانی کا درجہ رکھتے ہیں۔ سواقط فاتحہ یہ ہیں

ف، ج، ش، ث، ظ، خ، ز اور ان سے وابستہ اسمائے الہی یہ ہیں

فرد، جبار، شکور، ثابت، ظہیر، خبیر، زکی۔

ان حروف و اسمائے الہی کی زکوۃ کا طریقہ گرہن میں پوری دنیا میں آپ نے کہیں نہ دیکھا ہو گا اور بے فکر رہیں کہ میرے علاوہ اور کہیں سے ملے گا بھی نہیں۔ اس گرہن میں صرف اسمائے الہی کے ورد کا ایک طریقہ لکھ رہا ہوں جس سے اسمائے الہی کی زکوۃ اصغر ادا ہو جائے گی اور یہ عمل اور اسمائے الہی آپ لوگوں کی زندگیوں میں آ جائیں گے جنکے فوائد گنوائے نہیں جا سکتے۔ یہ یاد رکھ لیجیے کہ ہر اسم کا تعلق ہفتے کے ایک دن سے ہے اور اس دن کی جمیع منسوبات پر وہ حرف یا اسم الہی ہاوی ہے۔ مثلاً اتوار اور شمس پر فَرْدُ۔ اب شمس سے وابستہ جتنے بھی کام ہیں مثلاً امیر لوگوں کی تسخیر، تو وہ اسم الہی فرد سے ممکن ہے۔ اسی طرح باقی سب کو بھی سمجھیے۔ ہفتے کے ساتوں دنوں سے وابستہ اسمائے الہی اپنے ورد میں لا کر آپ ایک عظیم قوت کے مالک بن جاتے ہیں۔ جسکا نعم البدل کم ہی عملیات ہو سکتے ہیں۔ ان ساتوں اسمائے الہی کا ایک ادنیٰ سا کرشمہ یہ ہے کہ ساتوں بلکہ جمیع سیارگان کی نحوست کو آپکے پاس نہیں آنے دیتے۔ سو بہت سارے مسائل ذاکر کے ویسے ہی ٹل جاتے ہیں اور اسکو پتہ بھی نہیں چلتا۔ میں ان ساتوں اسمائے الہی کو بہت محبوب جانتا ہوں اور آپکو بھی جاننا چاہیے۔

گھر اور گھر والوں کے اطمینان و سکون اور جادو جنات سے نجات کا ایک عمل جو سواقط فاتحہ کے ساتھ منسوب ہے اور گرہن میں ہوتا ہے، وہ ہمارا آج کا موضوع ہے۔

۱۔ ساتوں سیارگان سے منسوب کوئی ایک ایک چیز قلیل مقدار میں خرید کر اپنے پاس رکھ لیجیے گا۔ اس سلسلے میں مضمون کے آخر میں لنک ہو گا اسکو کھول کر ہر سیارے کے صدقے سے وابستہ کوئی ایک چیز لے لیجیے گا۔

۲۔ گرہن کے اوقات میں دو یا چار رکعت نماز پڑھ کر عمل شروع کیجیے گا۔ جن خواتین کے مخصوص دن چل رہے ہوں وہ نماز نہ پڑھیں لیکن باقی سارا عمل وہ کر سکتیں ہیں۔

۳۔ اعداد اپنے بائیں بازو پر لکھیں اور شمع پر بھی، شمع قبل ازوقت بھی بنائی جا سکتی ہے۔ شمع جلا کر اس طرح ورد کریں۔

۴۔ پہلے اسم الہی یَا فَرْدُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ تصویر والی دعا پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں۔

دوسرے اسم الہی یَاجَبَّارُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ تصویر والی دعا پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں۔

تیسرے اسم الہی یَاشَکُوࣿرُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں۔

چوتھے اسم الہی یَاثَابِتُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں۔

پانچویں اسم الہی یَاظَھِیࣿرُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں۔

چھٹے اسم الہی یَاخَبِیࣿرُ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں۔

ساتویں اسم الہی یَازَکِیُّ کو سات سو مرتبہ پڑھیں اور ہر سو مرتبہ کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ کر دم کریں اور عمل مکمل۔

اگر اتنی دعا نہ پڑھی جائے تو پھر ایسا کر لیجیے کہ بجائے ہر سو مرتبہ اسم الہی کے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھنے کے، آپ پہلے پورا اسم الہی سات سو مرتبہ پڑھ لیجیے اور اسکے بعد ایک مرتبہ دعا پڑھ لیں۔ یعنی ہر اسم الہی سات سو مرتبہ پڑھنے کے بعد ایک مرتبہ دعا۔ اس طرح ٹوٹل سات مرتبہ دعا پڑھی جائے گی۔ یا اگر یہ بھی مشکل لگے اور سمجھ نہ آئے کیونکہ ماشاالله جہالت ویسے ہی بہت ہے تو پھر ایسا کر لیجیے کہ ہر اسم الہی کو پہلے باری باری سات سو مرتبہ پڑھ لیں اور جب تمام اسمائے الہی پڑھ چکیں تو اسکے بعد سات مرتبہ دعا پڑھ لیں۔ جسکو تینوں طریقے عمل کے سمجھ نہ آئیں وہ جان لے کہ نااہل ہے اور باقی جو مرضی کرے اس عمل کو نہ کرے۔

عمل کے بعد پچیس مرتبہ یہی اسمائے الہی پڑھ کر صدقے پر دم کر لے اور صدقے کی چیزیں صدقے کی نیت سے انسانوں، جانوروں یا کیڑے مکوڑوں کو ڈال دے۔ شمع اس عمل میں برابر جلتی رہنی چاہیے اسلیے کم از کم دو شمع بنائیے تاکہ اگر ایک جلدی بجھ جائے تو آپ دوسری جلا لیں۔ جو لوگ شمع نہ جلا سکیں وہ پھر بغیر شمع ہی عمل کر لیں۔ یہ عمل ویسے تو صرف گرہن کا ہے لیکن اگر آپ چاہیں تو سات دن تک جاری رکھ سکتے ہیں۔ گرہن والے دن تو گرہن کے اوقات میں عمل ہو گا، باقی اگلے دن سے رات کا کوئی وقت عمل کے لیے مقرر کیا جا سکتا ہے۔

اس عمل کی دعا کا اگر ترجمہ آپکو سمجھ آ جائے تو معلوم ہو جائے کہ یہ عمل اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو جمیع نحو سات، آفات، مشکلات، سحر و جنات سے بچانے کا عمل ہے۔ کسی بھی قسم کا خطرہ بندے کو خود ہو یا گھر والوں کو ہو تو یہ عمل کبھی بھی کیا جا سکتا ہے۔

عمل کے بعد روزانہ پچیس مرتبہ اسمائے الہی پڑھتے رہیں اور انکے بعد سات مرتبہ دعا۔ یہ مداومت ہے۔ دعا جو پڑھنی ہے وہ یہ ہے۔

یَافَرࣿدُ یَاجَبَّارُ یَاشَکُوࣿرُ یَاثَابِتُ یَاظَھِیࣿرُ یَاخَبِیࣿرُ

یَازَکِیُّ اَزِلࣿ عَنِّیࣿ وَ عَنْ بَیࣿتِیࣿ وَ اَھࣿلِیࣿ کُلَّ الࣿمَوَانِعِ

وَالࣿعَوَارِضِ وَالࣿحَسَدِ وَ الࣿاَذَی وَ الࣿمَشَاکِلِ وَ الࣿفِتَنِ وَ الࣿمِحࣿنِ مَا ظَھَرَ

مِنࣿھَا وَ مَا بَطَنَ یَاکَافِيُ یَاذَالࣿجَلَالِ وَ الࣿاِکࣿرَامِ

یَااَرࣿحَمَ الرَّاحِمِیࣿن

شمع کے اعداد یہ ہیں۔ 343144771200

یاد رہے شمع پر اور بازو پر اعداد ہمیشہ اردو یا عربی ہندسوں میں لکھے جاتے ہیں۔

صدق الله العلی العظیم

وَاللّٰه اعلی و اعلم۔

Please follow and like us:
fb-share-icon

Leave a Comment