spiritual revelations

قسط چہارم

اعوذ بالله من الشیطن الرجیم

بسم الله الرحمن الرحیم

سورہ شریف کا یہ عمل ویسے تو تہجد میں پڑھا جاتا ہے اور روحانیت اور روحانی قوت میں خاطر خواہ ترقی کا سبب بنتا ہے لیکن عشا کے بعد بھی اسکی افادیت مشاہدہ کی گئی ہے۔ دنیاوی خواہشات کا حصول تو اس سے ممکن ہوتا ہی ہے، روحانی درجات میں بھی ترقی ہوتی ہے اور لطف و کرم کی بارش ہوتی ہے۔

اس سال رمضان میں یہ عمل خود بھی کرنے کا ارادہ ہے اور ساتھ جو حضرات کرنا چاہیں انکو بھی دعوت خاص ہے۔ لیکن یہ عمل کر وہی سکتا ہے جسے سورہ شریف زبانی یاد ہو۔ لیکن ابھی رمضان میں کافی دن ہیں۔ اگر کوئی یاد کرنا چاہے تو کافی وقت ہے اور یہ محنت کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس رمضان شائد تراویح کی نماز مساجد میں نہ ہو سو اس نماز کی جگہ سورہ مزمل کی ایک خاص نماز ایک خاص ترکیب سے اگر پڑھ لی جائے تو دنیاوی و روحانی ترقی لازماً حاصل ہو گی۔ اگر تراویح کی نماز ہوئی بھی تو عام طور پر لوگوں کی روٹین رمضان میں سحری تک جاگنے کی ہوتی ہے سو تہجد کے وقت میں بھی یہ نماز پڑھنی بالکل مشکل نہ ہو گی۔

بارہ رکعات نماز عشا کے بعد یا پھر تہجد میں اس طرح پڑھی جائے گی کہ ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورہ مزمل پڑھی جائے۔ اس طرح کل تعداد سورہ مزمل بارہ مرتبہ ہو گی۔ ہر دو سجدوں کے درمیانی وقفے میں یہ دعا پڑھی جائے گی۔

یَا غَفَّارُ اِغْفِرْلِیْ اور اس دعا کی تعداد بارہ مرتبہ ہو گی۔

بارہ رکعات نماز کے بعد ستر مرتبہ پھر یہی دعا پڑھی جائے گی۔ یا غفار اغفرلی۔ پھر تیسرا کلمہ تمجید ستر مرتبہ اور ستر مرتبہ درود شریف اللھم صل علی محمد النبی الامی وعلی آله و صحبه و بارک وسلم۔

پینتالیس منٹ بارہ رکعات نماز میں لگیں گے۔ یا غفار اغفرلی میں پانچ منٹ، کلمہ تمجید اور درود شریف میں تقریباً پندرہ سے بیس منٹ۔ ٹوٹل ایک گھنٹہ دس منٹ کا عمل ہو گا۔ نماز کے بعد اکثر لوگ تھک جائیں گے سو ایک آسانی یہ ہے ایسے لوگوں کے لیے کہ کلمہ تمجید کی جگہ ۳۳ مرتبہ سبحان الله، ۳۳ مرتبہ الحمد لله، ۳۳ مرتبہ الله اکبر اور آخر میں ایک مرتبہ لاحول ولا قوۃ الابالله العلی العظیم پڑھ لیا جائے۔ اور درود میں صرف درود ابراہیمی کا پہلا حصہ اللھم صل علی محمد و آل محمد پڑھ لیا جائے۔ اس طرح یہ عمل تقریباً پچپن منٹ میں مکمل ہو جائے گا۔

انتیس یا تیس روز اس عمل کی مداومت سے عجیب و غریب فائدے حاصل ہونگے۔ نہ صرف یہ کہ سورہ شریف کی نہایت قوی زکوۃ ادا ہو گی بلکہ رمضان شریف میں تلاوت قرآن کا بے پناہ ثواب الگ حاصل ہو گا۔ حاجات کے لیے یہ عمل بے نظیر ہو گا۔ اس زکوۃ و عمل کے بعد کوئی محروم رہ جائے یہ ہو نہیں سکتا۔ ان شاالله سب کی سب جائز حاجات پوری ہونگی۔ میرے ایک جاننے والے نے جب یہ عمل پچھلے رمضان میں کیا تو اسکے بعد اسکے یہ الفاظ تھے کہ بڑے بڑے عمل کیے لیکن ایسا روحانی سکون اور لذت پہلے کبھی حاصل نہیں ہوئی۔ ایک بیٹی کی اسکے بعد فورا ہی شادی ہو گئی اور دکان کے منافع میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ عرصہ دراز سے گھٹنوں کی درد میں مبتلا تھے جو غائب ہو گئی۔

جو بھی اس عمل کو کرنا چاہے وہ مجھے اپنا نام معہ والدہ ضرور بھیجے کہ اسکا نام بھی دوران رمضان دعا میں شامل رکھا جائے گا۔ اس عمل کی مداومت بھی تاحیات نماز میں ہی رکھی جائے گی۔ کسی نماز سنت و فرض میں پہلی رکعت میں سورہ شریف کا پہلا رکوع اور دوسری رکعت میں دوسرا رکوع اس عمل کی مداومت ہو گا۔ چاہے دن میں ایک مرتبہ پڑھ لیں چاہے کئی مرتبہ۔

آپ تھوڑی ہمت کریں۔ فوائد بے تحاشہ اور لاجواب حاصل ہونگے۔ (جاری ہے)

صدق الله العلی العظیم

وَاللّٰه اعلی و اعلم

Please follow and like us:
fb-share-icon

Leave a Comment