spiritual revelations

یاقھار یاجبار

اعوذ بالله من الشیطن الرجیم
بسم الله الرحمن الرحیم
سب لوگوں کو نئے سال کا عمل مکمل کرنے کی مبارک باد۔ کل بدھ، یا جمعرات جمعہ سے یہ عمل شروع کر لیجیے۔ یہ عمل آیت مبارکہ سیھزم الجمع، اور اسمائے الہی یاقھار یاجبار کا ہے۔ یہ عمل دوشمنوں کو نقصان پہنچانے کے لیے اور ساتھ انکی طرف سے کیے گئے سحر و جادو کو باطل کرنے کے لیے ہے۔ اس سے شیطانی طاقتوں کے دل میں ذاکر کی دھاک بھی بیٹھتی ہے۔ یہ عمل صرف ستائیس دنوں کے لیے دے رہا ہوں کیونکہ اسکے بعد میں نے اسمائے حسنہ کا عمل کروانا ہے جو آپ سب نے میرے ساتھ کرنا ہے جو نہ صرف روحانی ترقی کے لیے ہے بلکہ دین و دنیا کی فلاح کے لیے بھی ہے اور خیر و برکات کو سمیٹنے کا عمل ہے۔ اس اسمائے حسنہ کے عمل سے پہلے ایک مرتبہ دشمنوں، جادوگروں اور جنات کو بھگانے اور کمزور کرنے، نقصان پہنچانے کے لیے ذیل کا ستائیس دنوں کا عمل کر لیجیے۔ اکثر اوقات زندگی کے بہت سارے مسائل جادو ٹونے کی وجہ سے ہوتے ہیں جو جادو ٹونے کو توڑنے سے خود بخود حل ہو جاتے ہیں۔ میں جادو کو پلٹانے کا بہت شدید قائل ہوں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ یہ کام درست نہیں اور جادوگر کی ہدایت کی دعا کرنی چاہیے۔ میں اس بات کا قائل نہیں کیونکہ قرآن مجید سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ الله عزوجل کس کو ہدایت دیتا ہے اور کسکو نہیں۔
وہ جنہیں اللہ ہدایت دیتا ہے
… و يهدي اليه من اناب
اور وہ جو اس کی طرف رجوع کریں انھیں(اللہ) ہدایت دہ دیتا ہے(13الرعد:27)۔
و الذين جاهدوا فينا لنهدينهم سبلنا و ان الله لمع المحسنين
اور جنہوں نے ہماری راہ میں کوشش کی ضرور ہم انھیں اپنے راستے دکھا دیں گے اور بیشک اللہ نیکوں کے ساتھ ہے(29العنکبوت:69)
الله يجتبي اليه من يشاء و يهدي اليه من ينيب
اللہ جسے چاہتا ہے اپنے لئے چن لیتا ہے اور جو اس کی طرف رجوع کرے اسے اپنی طرف راستہ دکھا دیتا ہے(ہدایت دے دیتا ہے)(42الشورٰی:13)
وہ جنہیں خدا گمراہ کرتا ہے۔
اسی طرح اللہ ہمیں بتاتا ہے کہ وہ کس کو گمراہ چھوڑتا ہے۔
و ما يضل به الا الفسقين
اور اس(سیدھے راستے سے اللہ) گمراہ نہیں کرتا سوائے نافرمانوں کے(2البقرہ 26)
و يضل الله الظلمين و يفعل الله ما يشاء
اور اللہ نافرمانوں (ظالموں)پر راہ گم کر دیتا ہے اور وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے(14ابراہیم:27)
قصہ مختصر یہ کہ اللہ تعالی اپنی نشانیوں سے سب کو ہدایت دکھاتا ہے۔ وہ اپنے پیغمبر بھیجتا ہے جو خدا کا پیغام لے کر آتے ہیں اور وہ اس کے ذریعہ سے حق اور باطل کو بالکل واضح کر وا دیتا ہے۔ اس کے بعد جو شخص حق کو پہچاننے کی خواہش رکھتا ہے تو اللہ اس پر ہدایت کھول دیتا ہے۔ اور جو لوگ باطل کی طرف رجوع کرتے ہوے حق کو چھوڑ دیتے ہیں اور جو اس گمراہی پر بضد ہو جاتے ہیں اللہ ان کے دلوں کو مہر کر دیتا ہے۔ اب ایک جادوگر جو کب کا الله عزوجل اور اسکی تعلیمات کو چھوڑ کر شیطان کی راہ پر چل رہا ہے وہ خود حقیقت سے آشنا ہوتے ہوئے شیطان کا پجاری ہے۔ اب آپ بیوقوفوں کی طرح اسکی ہدایت کی دعا کرتے رہیے، مجھے کوئی اعتراض نہیں، کامیابی مل جائے تو مجھے ضرور بتائیے گا۔ میرے نزدیک ایک ہی طریقہ ہے، اینٹ کا جواب پتھر سے۔ جادو واپس پلٹایا جائے تاکہ کرنے اور کرانے والے کو مزہ آئے اور صرف اسی طریقے وہ شائد باز آئے۔
دشمن، انسان ہو یا جن، کو پراپر جواب دینے کے لیے آیت سیھزم الجمع ویولون الدبر اور اسمائے الہی قھار و جبار بہت موثر اور عالی شان ہیں۔ قھار کا مطلب ہے غلبہ والا۔ الله عزوجل کا ارشاد ہے
وھو الوٰحدُ الࣿقَھّٰرُ ( الرعد 16)
اور وہ اکیلا سب پر غالب ہے۔
امام حلیمی نے قھار کا معنی بیان کرتے ہوئے کہ ہے کہ وہ ایسا غالب ہے جو کسی حال میں بھی مغلوب نہیں کیا جا سکتا۔ امام خطابی نے کہا ہے کہ قھار وہ ہے جو اپنی مخلوق کے متکبر لوگوں میں سے سرکش و قابض لوگوں کو سزا کے ساتھ مغلوب کرتا ہے اور پوری مخلوق کو موت کے ساتھ مغلوب کرتا ہے۔
جبار کا مطلب ہے جبر و غلبہ والا۔ یعنی جبار وہ ہے جس نے مخلوق کو اپنے ارادے، امر و نہی، کے مطابق مجبور کیا۔ جبار وہ ہے جو اپنی مخلوق کے اوپر بلند ہو یعنی اسکا تسلط ہو۔ حدیث محمد کریم میں ہے کہ ،”الله عزوجل کو جبار اس لیے کہتے ہیں کہ وہ اپنی مخلوق کو اپنے ارادے کے مطابق مجبور کرتا ہے۔”
عمل کا طریقہ یہ ہے کہ شمع کے اعداد اپنے بائیں بازو پر کسی بھی رنگ کے پین یا مارکر سے لکھ کر اور موم بتی پر کسی نوک دار چیز سے لکھ کر موم بتی جلا دیجیے اور یہ نماز پڑھیے۔
چار رکعت نماز برائے دفع دشمنان اور دفع جنات و سحر کی نیت کیجیے۔ پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد نو مرتبہ آیت سیھزم الجمع ویولون الدبر کا ورد کیجیے۔ پھر رکوع میں تسبیح کے بعد نو مرتبہ آیت پڑھیے پھر رکوع سے سیدھا ہو کر نو مرتبہ آیت پڑھیے، پھر پہلے سجدے میں تسبیح کے بعد نو مرتبہ آیت پڑھیے، پھر الله اکبر کے بعد سجدے سے سر اٹھا کر نو مرتبہ آیت پڑھیے، پھر دوسرے سجدے میں تسبیح کے بعد آیت پڑھیے اور پھر الله اکبر کہہ کر دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہو جائیے۔ تمام رکعات میں ایسا ہی کیجیے۔ سلام پھیرنے کے بعد ۱۲۲۹ مرتبہ اَلࣿقَھَّارُ اَلࣿجَبَّارُ کا ورد کیجیے اور اپنے اوپر سے سحر و جنات کے دفع ہونے کی دعا کیجیے، جادو کرنے اور کرانے والے کی طرف واپس پلٹنے کی دعا کیجیے۔ اس عمل کے دوران اگر طبعیت خراب ہو تو ہر تسبیح کے بعد اپنے اوپر دم بھی کیجیے۔
خواتین یہ عمل ناغے کے دنوں میں بھی کریں گی، بس نماز نہیں پڑھی جائے گی۔ ناغے کے دنوں میں القھار الجبار کے ورد سے پہلے آیت مبارکہ ساٹھ مرتبہ پڑھیں اور اسمائے الہی کا ورد 369 مرتبہ کر کے پھر آیت مبارکہ کو ساٹھ مرتبہ پڑھ کر عمل مکمل کر لیں۔ ناغے کے دن عمل کے ستائیس دنوں میں شمار ہونگے یعنی خواتین ناغے کے دنوں کو ملا کر ستائیس دن پورے کریں گی۔
یہ عمل صرف جادو اور جادوگروں کے لیے نہیں بلکہ ہر طرح کے دشمنوں اور مخالفت دور کرنے کے لیے ہے۔ دشمن یا مخالفت ختم کرے گا یا پھر بھگتے گا۔ دوسرا یہ عمل آپکو میرے رجب میں آنے والے اسمائے الہی کے عمل کے لیے تیار بھی کرے گا۔ اگر میرا کوئی عمل آپ پہلے کر رہے ہیں تو اسکا ورد اگر چاہیں تو کم کر دیں تاکہ آپ پر بوجھ نہ پڑے۔ کوشش کیجیے کہ ان دنوں اور آئندہ آنے والے دنوں میں فیس بک کے مختلف گروپس سے حاصل شدہ عملیات نہ کیے جائیں اور نہ ہی مختلف نقوش بنائے جائیں۔ اگر نقوش لکھنے ہیں تو میرے القھار یا آیت سیھزم الجمع والے نقوش لکھ کر پی لیے جائیں یا پھر صرف آیات ابطال السحر کا حجاب جادو لکھ کر پی لیا جائے جو میری آئی ڈی پر ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ مندرجہ بالا عمل شمع کے ساتھ کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اس مرتبہ میں نے اس شمع پر بہت محنت کی ہے جو آپکو شمع جلانے کے بعد ہی پتہ چلے گا، لیکن اگر شمع کے ساتھ نہ کر سکیں تو پھر بازو پر اعداد لکھ کر ویسے ہی پڑھ لیں لیکن شمع جلانا بہت بہتر ہو گا۔ اس عمل کی تاثیر بڑھانے کا ایک ٹوٹکا یہ ہے کہ جس پلیٹ میں آپ شمع جلائیں اسمیں لاہوری یا پھر کوئی بھی نمک کی بڑی سی ڈلی ( سمندری نمک نہ ہو) رکھیں اور اسکے اوپر شمع روشن کریں۔ اس سے آپکے اوپر اور گھر کی آب و ہوا میں موجود negative اثرات اس نمک میں جذب ہوتے رہیں گے۔ نمک کی ایک ہی بڑی ڈلی کسی پنسار کی دکان سے خرید لیجیے اور اسکو دھو کر ستائیس دن اسی کے اوپر موم بتی روشن کریں۔ ستائیس دن کے بعد یہ نمک کی ڈلی صاف پانی یا سمندر میں پھینک دیں۔ شمع کسی بھی رنگ کی چلے گی۔
اعداد یہ ہیں۔ 64335464990181. اعداد بازو پر اور شمع پر ہمیشہ اردو یا عربی گنتی میں لکھے جاتے ہیں۔ لکھنا شروع چھ سے اور ایک پر ختم۔
رجب کے اسمائے الہی کے عمل میں سستی نہ کیجیے گا۔ ابھی سے نیت اور ارادہ بنا لیجیے۔ یہ عمل روحانی دنیا سے تحفتاً ملا ہے اور اسکے اثرات بھی ان شاالله نہایت الگ اور قوی ہونگے۔ جنتی تو آپ لوگ ہونگے ہی بلکہ اسمائے الہی کے ایک عظیم عمل کے سرپرست بن جائیں گے اور ایک ایسے فیض کے حامل جو دنیا کا کوئی پیر فقیر آپکو نہ دے سکے گا بفضل ق والقھار الجبار۔
صدق الله العلی العظیم
وَاللّٰه اعلی و اعلم۔
Please follow and like us:
fb-share-icon

Leave a Comment