اعوذ بالله من الشیطن الرجیم
بسم الله المذل القھار لکل عدو و شیطان۔
محرم کے پورے ہی مہینے کو خصوصی عظمت حاصل ہے؛ چنانچہ چار وجوہ سے اس ماہ کو تقدس حاصل ہے:
(۱) پہلی وجہ تو یہ ہے کہ احادیث شریفہ میں اس ماہ کی فضیلت وارد ہوئی ہے؛ چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کسی شخص نے سوال کیا کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد کون سے مہینہ کے میں روزے رکھوں؟ تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ یہی سوال ایک دفعہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیا تھا، اور میں آپ کے پاس بیٹھا تھا، تو آپ نے جواب دیا تھا کہ: انْ کُنْتَ صَائِمًا بَعْدَ شَھْرِ رَمَضَانَ فَصُمِ الْمُحَرَّمَ فانَّہٗ شَھْرُ اللّٰھِا فِیْہِ یَوْمٌ تَابَ اللہُ فِیْہِ عَلٰی قَوْمٍ وَیَتُوْبُ فِیْہِ عَلٰی قَوْمٍ آخَرِیْنَ ․ (ترمذی) یعنی ماہ رمضان کے بعد اگر تم کو روزہ رکھنا ہے تو ماہِ محرم میں رکھو؛ کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ (کی خاص رحمت) کا مہینہ ہے، اس میں ایک ایسا دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور آئندہ بھی ایک قوم کی توبہ اس دن قبول فرمائے گا۔
نیز حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: أفْضَلُ الصِّیَامِ بَعْدَ صِیَامِ شَھْرِ رَمَضَانَ شَھْرُ اللہِ الْمُحَرَّمُ․ (ترمذی ) یعنی ماہ رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزہ ماہ محرم الحرام کا ہے۔
اسی طرح ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مَنْ صَامَ یَوْمًا مِنَ الْمُحَرَّمِ فَلَہ بِکُلِّ یَوْمٍ ثَلاَثُوْنَ یَوْمًا․ (الترغیب والترہیب ) یعنی جو شخص محرم کے ایک دن میں روزہ رکھے اور اس کو ہر دن کے روزہ کے بدلہ تیس دن روزہ رکھنے کا ثواب ملے گا۔
(۲) مندرجہ بالا احادیث شریفہ سے دوسری وجہ یہ معلوم ہوئی کہ یہ ”شھرُ اللہ“ ہے یعنی اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں کا مہینہ ہے تو اس ماہ کی اضافت اللہ کی طرف کرنے سے اس کی خصوصی عظمت وفضیلت ثابت ہوئی۔
(۳) تیسری وجہ یہ ہے کہ یہ مہینہ ”اشھر حرم“ یعنی ان چار مہینوں میں سے ہے کہ جن کو دوسرے مہینوں پر ایک خاص مقام حاصل ہے، وہ چار مہینے یہ ہیں:
(۱) ذی قعدہ (۲) ذی الحجہ (۳) محرم الحرام (۴) رجب (بخاری شریف، مسلم )
(۴) چوتھی وجہ یہ کہ اسلامی سال کی ابتداء اسی مہینے سے ہے؛ چنانچہ امام غزالی لکھتے ہیں کہ ”ماہِ محرم میں روزوں کی فضیلت کی وجہ یہ ہے کہ اس مہینے سے سال کا آغاز ہوتا ہے؛ اس لیے اسے نیکیوں سے معمور کرنا چاہیے، اور خداوند قدوس سے یہ توقع رکھنی چاہیے کہ وہ ان روزوں کی برکت پورے سال رکھے گا۔ (احیاء العلوم اردو )
اس ماہ کوشش کیجیے کہ یا تو نویں ، دسویں اور گیارویں محرم، تینوں دن کا روزہ رکھیں۔ یا نویں محرم اور دسویں محرم کا روزہ رکھیں، یا پھر دسویں محرم اور گیارویں محرم کا روزہ رکھیں۔ یہ تین صورتیں ہیں، اپنی آسانی کے مطابق منتخب کیجیے۔
اب آتے ہیں عمل کی طرف۔ پچھلی محرم بھی سورہ مزمل اور سورہ ق کا عمل کروایا تھا جسکی پوسٹ ساتھ اٹیچ ہے۔ جو پوسٹ ساتھ اٹیچ ہے یا تو آپ وہی عمل کر لیجیے اُسی ترتیب کے ساتھ۔ یا پھر جو ترتیب میں ابھی لکھنے لگا ہوں ، اسکے مطابق کر لیجیے۔ پچھلا عمل پانچ دن کا تھا اور اس مرتبہ عمل دس دن کا ہے۔
کل اتوار اور پیر کی درمیانی رات سے عمل شروع کر لیجیے۔ رات کو مغرب یا عشا کی نماز کے بعد شمع کے ساتھ سورہ ق نو مرتبہ پڑھیے۔ اور اُسکے بعد فجر میں یا ظہر میں سورہ مزمل شمع کے ساتھ پچیس مرتبہ پڑھ لیجیے۔ اسی طرح دس دن کیجیے۔ دس دنوں میں سورہ ق نوے مرتبہ پڑھی جائے گی اور سورہ مزمل دوسو پچاس مرتبہ۔ دسویں دن سورہ مزمل کے بعد ختم دلا دیجیے گا اور تمام پڑھا ہوا، سورہ ق اور مزمل، حضرت محمد کریم اور جمیع اصحاب اور حضرت حسین و حسین کو ہدیہ کر دیجیے گا۔ اور اپنی حاجات بھی الله مانگ لیجیے گا۔ آپ روزانہ کا پڑھا ہوا بھی ہدیہ کر سکتے ہیں اور دس دن کا اکھٹا بھی ہدیہ کر سکتے ہیں۔
عمل کے بعد جب دعا کریں تو جو پوسٹ ساتھ اٹیچ ہے اسکا درود اپنی دعا کے اوّل پانچ مرتبہ اور آخر چار مرتبہ پڑھ لیجیے گا تاکہ نو کا ہندسہ مکمل ہو جائے۔ یا ایسا بھی کر سکتے ہین کہ دعا کے اوّل و آخر نو نو مرتبہ ہی درود شریف پڑھ لیا جائے۔ ذہن میں رکھیے گا کہ عمل کے اوّل و آخر درود نہیں پڑھنا بلکہ دعا کے اوّل و آخر درود پڑھنا ہے۔
پچھلی مرتبہ دو الگ الگ شمع روشن کرنے کو کہا تھا۔ اس مرتبہ آپ لوگ دونوں سورہ کے ساتھ ایک ہی شمع روشن کریں گے۔ یہ شمع میرے ایک عربی دوست کی وساطت سے مجھے ملی تھی۔ گھر اور گھر والوں کو سحر و جنات کے اثرات سے بچاتی ہے، بندشیں توڑتی ہے اور بدقسمتی کو دور کرتی ہے۔
۸۵۳۲۵۸۰۵۰۰
یہ شمع کے اعداد ہیں۔ شروع ۸ سے اور ختم صفر پر۔ سورہ ق کے ساتھ بھی اس شمع کو روشن کیجیے اور سورہ مزمل کے ساتھ بھی اسی کو روشن کیجیے۔
یہ عمل خاص طور پر اُن لوگوں کو ضرور کرنا چاہیے جنکے ساتھ جسمانی طور پر جنات وابستہ ہیں کیونکہ ایسے تمام لوگوں کے لیے سورہ ق بہترین سورہ ہے۔ سورہ ق گھر میں پڑھنے سے گھر کی نحوست دفع ہوتی ہے اور خیر و برکت و کشادگی پیدا ہوتی ہے۔ سورہ مزمل کی برکات سے تو آپ سب لوگ آگاہ ہی ہیں اور مزمل پر میری نو دس پوسٹس بھی ہیں۔ یاد رہے کہ مجھے روحانی طور پر سورہ ق اور سورہ مزمل کے اکھٹے ورد کا حکم ملا تھا۔ ورد کے دوران یا بعد میں آپ لوگ اپنے اوپر اور پانی پر دم بھی کیجیے اور سارا دن وہ پانی آپ لوگ پیجیے اور چھوٹے بڑے سب کو پلائیں۔
محرم کے ابتدائی دس گیارہ دن نہایت فضیلت کے حامل ہیں اور انمیں کوئی بھی زکوۃ بہت فائدہ مند رہتی ہے۔ اس عمل کے بعد آپ سب لوگ سورہ ق اور سورہ مزمل کے زکوۃ کے حامل کہلائے جائیں گے۔ دوبارہ زندگی میں ان دو سورہ یا ان سے وابستہ کسی بھی عمل کی کسی سے بھی اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ دس دنوں کےعمل کے بعد روزانہ ایک مرتبہ سورہ ق اور پانچ مرتبہ یا ایک ہی مرتبہ سورہ مزمل کو مداومت کے طور پر پڑھیے۔ بہت فائدہ ہو گا۔ شمع بھی جیسے چاہیں جلائیں۔
صدق الله العلی العظیم
وَاللّٰه اعلی و اعلم۔


Please follow and like us:

